27 جون 2021 - 13:24
آیت اللہ رمضانی: معاشرے میں حکومت سازی امام معصوم کے منصوبوں کا حصہ ہے

آیت اللہ رمضانی نے کہا: امام (ع) کا کردار دین و دنیا کے امور میں عوامی صدارت ہے۔ امام نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نمائندگی کرتے ہیں اور معاشرے میں حکومت سازی اور انتظام کی تشکیل امام کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ بلاشبہ، دین اسلام میں اخلاقیات کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل ، آیت اللہ رضا رمضانی نے عشرہ کرامت اور امام رضا علیہ السلام کے ایام ولادت کے موقع پر اسمبلی کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام رضا علیہ السلام علمی، معنوی اور سیاسی مرجعیت کے مالک تھے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے کارکنان کے ساتھ ہوئے اس اجلاس میں آیت اللہ رمضانی نے نہج البلاغہ میں امام علی علیہ السلام کے فرمان کی طرف اشارہ کیا جس میں امام علیہ السلام نے فرمایا: ہماری باتوں کو صرف پیغمبر خدا، فرشتہ الہی اور اس مومن کے علاوہ کوئی نہیں سمجھ پاتا جس کے دل کو اللہ نے منزل امتحان پر قرار دیا ہو اور وہ اس امتحان اور آزمائش میں کامیاب ہوا ہو، انہوں نے کہا: امام کے مقام و منزلت کو پہچاننا بہت دشوار ہے بلکہ ممکن ہی نہیں ہے کہ کوئی امام کے مقام کو مکمل طور پر درک کر سکے۔
آیت اللہ رمضانی نے کہا: امام (ع) کا کردار دین و دنیا کے امور میں عوامی صدارت ہے۔ امام نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نمائندگی کرتے ہیں اور معاشرے میں حکومت سازی اور انتظام کی تشکیل امام کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ بلاشبہ، دین اسلام میں اخلاقیات کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔
مجلس خبرگان رہبری میں گیلان کے عوام کے نمائندے نے کہا: امام (ع) فکر کی کلید ، فکر کی روشنی اور فکر کا میزان ہیں۔ انسانی عقل کے سامنے نئے افقوں کا کھلنا، دینی تعلیمات کی گہرائی کو سمجھنے کے لیے روشن خیالی اور تفکر و تعقل کی پیمائش کے لیے پیمانے کا پیش کرنا امام علیہ السلام کے وجود کی برکتیں ہیں۔ بلکہ عمل کے میدان میں بھی امام ترازو ہوتا ہے۔ امیر المومنین علی علیہ السلام کے زیارتنامے میں پڑھتے ہیں: "السلام علیک یا میزان الاعمال".
آیت اللہ رمضانی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: موجودہ حکومت کے دور میں پائی جانے والی مشکلات کی وجہ سے عوام نے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیا، لہذا انہیں نظام کا مخالف نہیں قرار دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اندرونی مشکلات کے علاوہ غیرملکی ممالک خصوصا سعودی عرب نے ایرانی عوام کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے اشتعال انگیز اقدامات کیے۔

اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا: سعودی عرب نے ایسے حال میں ایرانی عوام کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کی کہ خود اپنے ملک میں انتخابات نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ان کے عوام کو یہ بھی پتا نہیں کہ انتخابات کہتے کسے ہیں اور ان کے حاکم ایران کے انتخابات کو کمزور کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔
آیت اللہ رمضانی نے کہا: ملک میں ایسی تحریک چلانے کی ضرورت ہے جو ملک کو مضبوط بنائے، طاقتور ایران عوام کی خواہش ہے۔

..........

242